پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کے ریکارڈسے لاعلم، میڈیا کی نشاندہی پر غلطی درست کرلی

پاکستان کرکٹ بورڈکا میڈیا ڈیپارٹمنٹ کھلاڑیوں کے ریکارڈز سے کتنا باخبر رہے،یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن آج تک انتہا ہی ہوگئی جب بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹراکائونٹ سے بابراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

پی سی بی نے اپنے ٹوئٹس میں لکھا کہ یہ واحدپاکستانی بلے باز ہے جو ون ڈے میچوں میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کرچکاہے۔ اس موقع پرپاکستان میں کھیلوں کے معروف میگزین اسپورٹس لنک نے جوابا لکھاکہ کیا ظہیرعباس اور سعید انور انڈین تھے؟واضح رہے کہ ظہیرعباس نے 17اور21دسمبر1982 کے بعد 12جنوری1983 کو لگاتار تین ون ڈے میچوں میں بھارت کے خلاف بالترتیب گوجرانوالہ،لاہوراورکراچی میں سنچریاں اسکورکرکے لگاتار تین ون ڈے میچوں میں سنچریاں بنانے والے دنیاکے پہلے بلے باز بنے تھے۔

اس طرح سعید انور نے 30اکتوبر1993 کوشارجہ کپ کے میچ میں سری لنکا کے خلاف 107رنزبنانے کے علاوہ یکم اور 2نومبرکو ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف 131اور111رنزبناکر لگاتار تین ون ڈے میچوں میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔اسپورٹس لنک کی جانب سے براہ راست پیغام اور کرک اردو پر خبر شائع ہونے کے بعد پی سی بی نے اپنی غلطی صحیح کرتے ہوئے پرانی ٹوئٹ حذف کی اور پھر درستگی کے بعد دوبارہ ٹوئٹ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں